اسلام آباد، 23 اپریل (اے پی پی ):زلمی فاونڈیشن کی جانب سے افغانستان کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کا طبی سامان عطیہ کیا گیا۔ طبی سامان میں پچاس ہزار ماسکس اور ایک ہزار پراٹیکٹر سوٹس شامل ہیں، اسلام آباد میں افغان سفارتخانے میں پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کے چیرمین جاوید آفریدی نے طبی سامان افغان سفیر عاطف مشعل کے حوالے کیا ۔
اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ پاکستان حکومت کی سوچ اور خواہش ہے کہ کورونا وائرس کے اس مشکل وقت میں تمام دنیا مل کر اس وائرس کا مقابلہ کرے۔
افغان سفیر عاطف مشعل نے کہا کہ میں زلمی فاونڈیشن کا بہت مشکور ہوں جنہوں نے اس مشکل حالات میں ہماری مدد کی ۔ہم جاوید آفریدی اور زلمی فاونڈیشن کے اس عمل کو بہت سراہتے ہیں ۔ جاوید آفریدی نے ہمیشہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کرداد ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان اور افغانستان اور دنیا جلد کورونا وائرس سے نجات حاصل کرے۔
واضح رہے کہ زلمی فاونڈیشن کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، زلمی فاونڈیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ اور خیبر پختونخواہ حکومت کو سرجیکل ماسکس اور پراٹیکٹر سوٹس عطیہ کیے جاچکے ہیں ۔اس کے علاوہ گزشتہ دو ہفتے سے باڑہ، خیبر ڈویژن، تیراہ میں راشن کی تقسیم بھی جاری ہے۔
اے پی پی /احسن /حامد