سکھر : نیب کی زیر حراست پی پی رہنما سیدخورشید شاہ کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

133

    سکھر،14اپریل (اے پی پی): سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جسٹس امجد علی سہتو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل خصوصی بینچ نے نیب کے زیر حراست سیدخورشید شاہ ودیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

عدالت عالیہ نے منگل کے روزایک ارب 23 کروڑ روپے سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں داخل نیب ریفرنس پر زیر حراست سید خورشید احمد شاہ ،صوبائی وزیر اویس شاہ، ایم پی اے فرخ شاہ سمیت 18 ملزمان کی ضمانت کے لیے دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر صوبائی وزیر اویس شاہ، ایم پی اے فرخ شاہ ودیگر عدالت میں پیش ہوئے، سماعت پر ملزمان کے وکلاءنے ملزمان کی ضمانت کے حوالے سے دلائل دیئے جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ رہنما سید خورشید احمد شاہ اور رزاق بہرانی گرفتار ہیں جبکہ اویس شاہ اور دیگر ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں اور انہوں نے بھی اپنی پکی ضمانت کیلئے درخواست دے رکھی ہے  جبکہ پیپلز پارٹی  کے رہنما خورشید شاہ اس وقت سکھر کے این آئی سی وی ڈی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

اے پی پی /اطہراللہ/قرۃالعین