صوبائی معاون خصوصی کامران بنگش کا ضلع کرک کا دورہ ،عوامی مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا

157

 

پشاور، 22اپریل(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے آج ضلع کرک کا اچانک دورہ کیا اور ٹاون میونسپل دفتر  میں عوام  کے  مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ مجھے یہاں کی مشکلات کا اندازہ تھا جو یہاں کی ضلعی انتظامیہ کو کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے میں پیش آرہی تھیں اسلئے انکو 7کروڑ کا فنڈ بھی جاری کیا گیا لیکن چونکہ ماضی میں اس ضلع کو بہت نظرانداز کیا گیا اس وجہ سے کرک ایک پسماندہ ضلع بن کے رہ گیا ہے لیکن کرونا وبا کے اختتام کے بعد اس ضلع کا ریوائیول ہماری ترجیحات میں شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی شہر کا دورہ کرنے کے بعد مجھ کو اندازہ ہوا کہ اس شہر کو صفائی ستھرائی اور شجرکاری کی بہت ضرورت ہے جسکے لیے دیگر اقدامات کیساتھ مزید عملہ کی تعیناتی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

کامران بنگش نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں صوبائی حکومت یہاں کی ضلعی انتظامیہ کیساتھ ضلع کی بیوٹیفیکیشن اور صفائی ستھرائی کے علاوہ دیگر معاملات میں بھی مکمل تعاون کریگی اور اس ضلع کی محرومیوں کا جلد از جلد ازالہ ممکن بنائیگی۔

اے پی پی /صائمہ حیات/نورین