لاہور، 10اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے لاشاہ کاکو جی سی یونیورسٹی کیمپس میں قائم کوروناوائرس فیلڈہسپتال کا دودہ کیا جہاں انہوں نے نئے قائم کئے گئے دوسو بستروں پرمشتمل فیلڈ ہسپتال میں کوروناوائرس کے کنفرم مریضوں کیلئے طبی سہولیات کاجائزہ لیا۔
اس موقع پر وی سی جی سی یونیورسٹی اورایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ نے صوبائی وزیرکو فیلڈہسپتال میں مہیاکی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ کالاشاہ کاکو کے قرنطینہ سنٹر سے کنفرم مریضوں کوعلاج معالجہ کیلئے کالاشاہ کاکو فیلڈہسپتال منتقل کیاجائیگا۔کالاشاہ کاکو کوروناوائرس فیلڈہسپتال میں بیک وقت کوروناوائرس کے دوسوکنفرم مریضوں کوعلاج کی طبی سہولت مہیاہوگی،کوروناوائرس سے پیداہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ میو ہسپتال میں کوروناوائرس کے سب سے زیادہ مریض زیرعلاج ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ لاک ڈاون بڑھانے کافیصلہ 14اپریل کے بعدکیاجائیگا،عوام احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمدکریں،جنوبی پنجاب کی نسبت شمالی پنجاب کی جانب کوروناوائرس کے کیسززیادہ تعدادمیں سامنے آرہے ہیں۔حکومت کوروناوائرس کی موجودہ صورتحال میں بھی فوڈسپلائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب بھرمیں چالیس سے زائدکوروناوائرس کے کنفرم مریض صحتیاب ہوکراپنے گھروں کوواپس جاچکے ہیں۔لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اورجہلم میں کوروناوائرس کی صورتحال کاروزانہ کی بنیادپرجائزہ لیاجارہاہے۔حکومت کوروناوائرس سے بے روزگارہونے والے مزدوراوردیہاڑی دارطبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔
اے پی پی /لاہور/نورین