مظفرآباد، 07 اپریل(اے پی پی ): وزیراعظم آزادکشمیر نے کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
یہ ہدایت انہوں نے منگل کو یہاں آزادکشمیر میں لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ،اجلاس میں وزرا،چیف سیکرٹری،تمام کمشنرز وڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے جبکہ آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر انٹری مکمل طورپر بندکرنے کے فیصلے پر عملدرآمد میں مزید سختی لائی جائے جبکہ آزادکشمیر میں کسی سرکاری گاڑی کو بغیر ڈیوٹی سڑک پر نا آنے دیا جائے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اجلاس میں جعلی سینیٹائزرز اور ماسک بنانے والوں کے خلاف فوری کاروائی کا حکم بھی دیا اور کہا کہ وزراء،آفیسران،انتطامی آفیسران کی جانب سے امدا دی سامان دیتے وقت فوٹو سیشن کی مکمل پابندی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے سامان کی خرید جلد از جلد یقینی بنائی جائے، حکومت وسائل کی کمی نہیں آنے دیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں موجود تمام کرونا مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
اے پی پی /سدرہ/حامد