ملک بھر میں 13لاکھ 80ہزار خاندانوں میں 16ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے،حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کیش ٹرانسفر پروگرام شروع کر دیا ہے؛ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

147

سیالکوٹ، 12 اپریل (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا ہے کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایمرجنسی کیش ٹرانسفر پروگرام شروع کر دیا گیا ہے،حق دار کو اس کے حق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملک بھر میں 13لاکھ 80ہزار خاندانوں میں 16ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مستحقین کو رقوم کی فراہمی احساس پروگرام کا اہم جزو ہے،رقوم کی فراہمی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں مستحقین میں 40کروڑ روپے تقسیم کیے جائینگے،سیالکوٹ میں 32817خاندان پروگرام سے مستفید ہونگے اور اب تک ملک بھر میں 13لاکھ 80ہزار خاندانوں میں 16ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ادائیگی مراکز پر کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ رقوم کی فراہمی کے عمل میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر رہے ہیں۔پروگرام میں بدعنوانی کی کوشش کرنیوالے 40افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد مستحق اور کمزور طبقوں کو تحفظ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مستحقین کی آسانی کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایات جاری کی ہیں۔اب بائیو میٹرک میچنگ کے ساتھ چہرے کی شناخت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ای گورننس کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔

 معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاآئندہ مرحلے میں دیہاڑی دار مزدوروں اور فیکٹری ورکرز کیلئے اقدامات ہونگے۔ریاست پسماندہ طبقوں کی فلاح کیلئے پرعزم ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی ملک کو درپیش ایک اہم چیلنج ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی کے مقابلے میں وسائل بہت کم ہیں۔بنیادی ضرورتوں کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے۔ہمیں اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے ہیں۔انہوں نے کہاکورونا کی روک تھام کیلئے وفاقی حکومت صوبوں سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔

اس موقع پر   انہوں نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ایسٹر کا تہوار سادگی سے منایا جا رہا ہے۔تمام عباد ت گاہوں میں ملکی ترقی کیساتھ کورونا کے خاتمے کیلئے دعائیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تعمیروترقی میں اقلیتی برادری کا کردار قابل ستائش ہے۔

اے پی پی /سیالکوٹ/حامد