اسلام آباد ،07 اپریل (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ہمیں زیادہ سے زیادہ اتحاد و یک جہتی کی ضرورت ہے۔
منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت تبلیغی جماعت کی مجلس شوری کے اراکین کا وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء،نور الحق قادری، شہریار آفریدی، اعجاز شاہ سمیت وزارت خارجہ، ایوی ایشن، داخلہ اور صحت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی وبا اور اسکے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تبلیغی جماعت کی شوری ارکان نے دنیا بھر میں پھنسے تبلیغی جماعت کے اراکین سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں تبلیغی جماعت کے اراکین کے ساتھ حالیہ پنجاب میں ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ یہ ایک عالمی وبا ہے، اسے کسی مذہب یا مسلک سے جوڑنا غیر مناسب ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام زائرین کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیدی جوشہریار آفریدی کی سربراہی میں زائرین سے متعلق کام کرے گی،کمیٹی بیرون ملک پھنسے زائرین اور انکی آمد کے بعد کی صورتحال کو کنٹرول کرے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کل (بدھ ) وطن واپس لوٹنے والے زائرین سے بھی ملاقات کریں گے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مختلف مکاتب فکر کے علماء ، اوورسیز پاکستانی وفود سے ملاقاتوں کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اے پی پی /صائمہ /قرۃالعین