وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ٹوبہ ٹیک سنگھ آمد،مستحق خواتین میں مالی امداد کی رقم تقسیم کی

126

ٹوبہ ٹیک سنگھ،21اپریل(اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سلسلہ  میں    ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ     کیا ۔ اس دوران  انہوں نے پوسٹ گریجوایٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحق خواتین میں مالی امداد کی رقم بھی تقسیم کی۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مستحق خواتین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ، خواتین نے سینٹر میں مہیا کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ  نے سینٹر میں مستحق خواتین کیلئے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امدادکی مستحق خواتین سے ان کے مسائل بھی پوچھے جبکہ بعض خواتین کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات دیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مالی امداد کا پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شفاف ترین پروگرام ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک لاکھ سے زائد مستحق افراد کو 3.3ارب روپے کی مالی امداد تقسیم کی جارہی ہے۔پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کررہا ہوں،حقدار کو اس کا جائز حق دیں گے۔

بزرگ خواتین  نے وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 12ہزار روپے کی رقم باعزت طریقے سے مل رہی ہے، مالی امداد سے ہمیں بہت ریلیف ملا ہے،انہوں نے  وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو دعائیں دیں اور کہا کہ آپ کی حکومت نے غریب لوگوں کیلئے شاندار فلاحی کام کیا ہے۔

اے پی پی محمد افضل گجر /نورین