وزیرِ اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کی ملاقات

127

اسلام آباد , 2 اپریل (اے پی پی) :وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے جذبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں نوجوانوں کا یہ جذبہ نہایت حوصلہ افزا اور لائق تحسین ہے۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری قوم نے بالعموم اور نوجوانوں نے بالخصوص ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں معاون خصوصی نے وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں رضاکارانہ طور پر شمولیت کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے بارے میں وزیرِ اعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔ عثمان ڈار نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ اب تک محض 48گھنٹوں میں تقریبا تین لاکھ نوجوان کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا حصہ بن چکے ہیں اور یہ سلسلہ نہایت تیزی اور جوش و خروش سے جاری ہے۔ معاون خصوصی نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ رجسٹریشن مہم میں ملک کے طول و عرض سے نوجوان گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 10اپریل تک جاری رہے گا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت کے جذبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں نوجوانوں کا یہ جذبہ نہایت حوصلہ افزا اور لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری قوم نے بالعموم اور نوجوانوں نے بالخصوص ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

اے پی پی /ڈیسک/ریحانہ