ٹنڈو محمد خان؛ لاک ڈاون کے ستائیسویں روز بھی راشن کی عدم فراہمی کے خلاف خواتین کا سندھ حکومت کیخلاف بھرپور احتجاج جاری

134

ٹنڈو محمد خان ،18اپریل(اے پی پی ):لاک ڈاون کے ستائیسویں روز بھی راشن کی عدم فراہمی کے خلاف کریم ڈنو خاصخیلی کی خواتین کا پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاج جاری ،احتجاجی  خواتین نے  کہا کہ  سندھ کے وزراء کو باتیں کرنا آتی ہیں عوام کی مدد نہیں، آج اگر شہید رانی زندہ ہوتی تو ہمارے بچے بھوک سے نہیں مرتے، عوامی جماعت کے دعویداروں نے عوام کا مشکل کی اس گھڑی میں اکیلا چھوڑ دیا ہے۔

ٹنڈو محمد خان کے گاؤں کریم ڈنو خاصخیلی کی خواتین مسمات رحیماں، مسمات گلشن، مسمات رانی سمیت دیگر نے بتایا کہ ہم نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیے ہیں، سندھ حکومت کے وزراء سمیت علاقے کے منتخب نمائندوں نے آج لاک ڈاون کے ستائیسویں روز بھی ہماری کوئی داد رسی نہیں کی ہے، ہم انتہائی غریب ہیں، مجبوری میں گھر سے نکلنا پڑا ہے، سندھ حکومت کی جانب سے اپنے من پسند افراد کو راشن تقسیم کیا جارہا ہے، ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے، علاقے کے منتخب نمائندوں سمیت کونسلرز بھی اپنے گھروں میں چھپ کر بیٹھ گئے ہیں انہوں نے راشن کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اے پی پی / ٹنڈو محمد خان/قرۃ العین