پشاور، 18اپریل(اے پی پی): چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹرکاظم نیاز، سیکرٹری خوراک نثاراحمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر خان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر ،اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے چمکنی کے علاقے میں بیسن کے کارخانے پر چھاپہ مار کر سینکڑوں بوریاں قبضے میں لیکر گودام کو سیل کردیا۔
کارروائی کے دوران کارخانے میں بیسن میں جوار،ناقابل خوراک ٹوٹا چاول مكس کرکے ملاوٹ والا بیسن تیار کیا جارہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے ایکشن لیتے ہوئے ملاوٹ کرنیوالے کارخانے کے مالک اور منشی دونوں کو گرفتار کرکے چمکنی پولیس سٹیشن کے حوالہ کردیا جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
محکمہ خوراک کے ترجمان کے مطابق حکام نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک کا مہینہ قریب ہے اسلئے تمام فیلڈ افسران ناجائز منافع خوروں پر کڑی نظر رکھیں اور جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرتے پایا جائے اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین