اسلام آباد ،10 اپریل (اے پی پی ): وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تغیرملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کرونا کے موقع پر ہسپتالوں سمیت تمام ضروریات کی فراہمی کا سلسلہ مستحکم ہو رہاہے اور جلد ہی طبی عملہ کے لئے ضروری حفاظتی سہولیات کی کمی کا تاثر ختم ہوجائے گا ۔
جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ آج ہی پانچ لاکھ معیاری ماسک موصول ہوئے ہیں جو پہلے سے طے شدہ مکینزم کے تحت صوبوں اور ضلعوں کی سطح پر تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبائی صورت حال میں بھی موسمیاتی تغیر سے متعلق وزیراعظم کے وژن پر کام جاری ہے ۔ اس وقت روزانہ اجرت پر کام کرنے والے پینسٹھ ہزارافراد ملک کے مختلف حصوں میں شجرکاری میں مصروف ہیں ۔ یہ تعداد جلد ہی دوگنی کی جا رہی ہے تاکہ دس بلین درختوں سے متعلق خواب کو تعبیر کا جامہ پہنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ شجرکاری میں پھل دار پودوں کو زیادہ اہمیت دیں ۔ ان کی قیمت تو نسبتاً زیادہ ہوتی ہے لیکن اس کا پھل ملکی معیشت میں مزید مٹھاس لائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کرونا صورت حال سے نمٹنے کے لئے آٹھ ارب روپے این ڈی ایم آر ایف کو دئیے جا چکے ہیں اور مزید ساڑھے نو ارب روپے کرونا کی بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے جاری کئے جائیں گے۔
اے پی پی /احسان احقانی /ریحانہ