کوئٹہ، 07اپریل ( اے پی پی): ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور دیگر تینوں وزراءاعلیٰ نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہماری خدمات کو سراہا ہے، حکومت بلوچستان نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروںسمیت سیکورٹی فورسز اور میڈیا کے لوگ بھی فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں،اس سلسلے میں حکومت بلوچستان مذکورہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
منگل کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ وائرس کے شروع ہوتے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اول روز سے چوبیس گھنٹے اس حوالے سے کام کررہے ہیں اور مشترکہ طور پر اس جنگ کو لڑ رہے ہیں، اس حوالے سے سول ہسپتال میں ایم ایس ڈی میں کرپٹ عناصر کو بھی برخاست کیاجاچکا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کا بازو بن کر اس وبا کے خلاف نبردآزما ہیں،جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی اور حفاظتی سامان کی خریداری سے لے کر فراہمی تک روزانہ بنیادوں پر سب کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ 32 ہزار سرجیکل ماسک 25 ہزار دستانوں سمیت دیگر سامان ڈاکٹروں کو فراہم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے ہمارے اقدامات کو دیکھیں جو اس حوالے سے ہم اٹھارہے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ڈاکٹروں کے تمام تحفظات پہلے ہی دور کئے گئے ہیں ، لہذا ڈاکٹروں سے اپیل کرتے ہیں کہ قوم کے مسیحا کہلانے والے افراد مجبور مریضوں کو چھوڑ کر دھرنے نہیں دیتے، ہم نے بارہا ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اس مافیا کا حصہ بن رہے ہیں جو وسائل پر غیر قانونی قبضہ کرنا چاہتے ہیں ماضی میں انہی ہسپتالوں میں ایک درد کی گولی تک نہیں ملتی تھی۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ہماری اپیل کو ان سنی کر کے جلوس کی شکل میں وزیراعلیٰ ہاﺅس آنے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز نے انہیں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر روکنے کی کوشش کی، ایک گھنٹے بعد حکومت نے گرفتار ڈاکٹروں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے تاہم رہائی کے باوجود ڈاکٹرز بضد ہیں اور تھانوں سے نہیں جارہے۔اس موقع پریہی پڑھے لکھے ڈاکٹرز قانون کی پاسداری نہیں کریں تو عام لوگ اس پرکیسے عمل درآمد کریں گے۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا کہ آرمی چیف نے بلوچستان کو ترجیحی بنیادوں پر اہمیت دی ہے، ہم اس کے شکرگزار ہیں کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت پر 2 سی ون تھرٹی طیارے طبی اور حفاظتی سامان لے کر پہنچے اور چینی کمپنیز نے بھی وافر مقدار میں سامان بلوچستان کو دیاہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے 400 مکمل باڈی پروٹیکٹر 745پی پی ای کٹس، 7700فیس ماسک، 25ہزار گلوز, این 94 ماسک ایک ہزار فراہم کئے، اب تک 95 فیصد ملنے والا سامان ڈاکٹروں کو فراہم کیا جاچکا ہے۔
اے پی پی /کوئٹہ/ھامد