گورنر پنجاب نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزمیں کورونا ٹیسٹنگ BSL3 لیب کا افتتاح کر دیا

112

لاہور, 07 اپریل(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری سرور نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کا دودہ کیا، جہاں انہوں نے کورونا ٹیسٹنگ BSL3 لیب کا افتتاح  کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر نسیم احمد نے گورنر پنجاب کو لیب کے متعلق بریفنگ  بھی دی، انہوں نے بتایا  کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ٹیسٹنگ لیب ہے اس لیبارٹری میں روزانہ کورونا کے تین سو سے چار سو ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کرونا سے بچاو اور خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں،ٹیلی میڈیسن کی سہولت کے بعد بائیو سیفٹی لیول تھری کی بدولت کرونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مثالی کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر  سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کا ساتھ دیں،کرونا کو شکست دینے کے لیے صرف حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی اہم ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ خطرناک وباء نے پوری دنیا میں تباہی پھیلا دی ہے ہمیں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔انہوں  نے کہا کہ حکومت غریب اور مستحق لوگوں کو راشن کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ عوام کی سہولت کے لئے ٹیلی راشن ہیلپ لائن بھی  قائم کر رہے ہیں۔

اے پی پی /لاہور/نورین