افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے لیے طورخم بارڈر ہفتے میں چھ دن 24 گھنٹے تمام ٹرکوں کے لیے ایس او پیز کے تحت  کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے: اجمل وزیر

132

پشاور، 21مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے لیے طورخم بارڈر ہفتے میں چھ دن 24 گھنٹے تمام ٹرکوں کے لیے ایس او پیز کے تحت  کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،گزشتہ چند دنوں میں بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے سے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔دونوں ممالک کی مرضی سے ہفتے کا دن پیدل بارڈر کراسنگ کے لیے مخصوص ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو  پاکستانی ، افغانستان  سے طورخم بارڈر کے ذریعے  وطن واپس آرہے ہیں انہیں ضلع خیبر میں قرنطینہ کیا جا رہا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عید سادگی سے منائی جائی جائیگی ہر قسم کی غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کیا جائیگا۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ اس بار عیدی اپنے بچوں کی بجائے مستحقین میں تقسیم کی جائے اور عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

اجمل وزیر ایک بار پھر مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ مخیر حضرات عید کے موقع پر غریب اور  نادار طبقے کی دل کھول کر مدد کریں۔ اجمل وزیر نے صوبے میں کورونا کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ریکوری ریٹ ملک کے باقی صوبوں سے سب سے زیادہ ہے جو 31 فیصد ہے۔ انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں بتایا کہ صوبے میں 200 آئسولیشن وارڈز قائم ہیں جن میں 5598 بستروں کی گنجائش ہے۔ اسی طرح  صوبے میں تقریباً 359 کوارنٹائن سنٹرز قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 550 سے زائد وینٹیلیٹرز  کورونا مریضوں کے لیے مخصوص ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ اپوزیشن بے جا تنقید سے پرہیز کرے اور اپنے ادوار کا موازنہ کرے تو پتہ چل جائے گا کہ ملک کا بیڑہ کس نے غرق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اللہ نے پاکستان کو کرپشن کے الزامات سے پاک اور مخلص وزیرعظم دیا ہے۔

 وزیر اعظم اپنی مخلصانہ کوششوں سے کورونا کو شکست دینے کے لیےمیدان میں موجود ہیں،وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں کو ساتھ لیکر کورونا کے خلاف موثر اقدامات کررہے ہیں۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں وزیراعلی محمود خان کورونا کے خلاف سے لیڈ کررہے ہیں وہ خود ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز کے دورے کررہے ہیں۔

صائمہ حیات،فاروق