این سی او سی کا 20 واں اجلاس،تمام صوبوں نے اجتماعات، مارکیٹوں اور پرہجوم مقامات کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا

132

اسلام آباد ، 14 مئی (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا رمضان المبارک کا مسلسل 20 واں اجلاس جمعرات کو این سی او سی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدرات وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کی۔ فورم کو تمام صوبوں نے اجتماعات، مارکیٹوں اور پرہجوم مقامات کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس (کوویڈ۔19) کے ممکنہ پھیلاؤ کے تخمینے اور اس وقت کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی نے ہسپتالوں میں موجودہ بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولیات کا گہرائی سے جائزہ لیا، صحت سہولیات کے جائزہ کا مقصد ڈیٹا اکٹھا کرنا، ہسپتالوں کی صلاحیت معلوم کرنا ہے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ڈیٹا تصدیق شدہ ہونا چاہئے اس کےلئے صوبوں اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کا اہم کردار ہے، صوبے اور انتظامیہ اس تناظر میں شاندار کام سرانجام دے رہے ہیں، اسے اسی تیزی سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشہ روز صوبوں اور اضلاع کی سطح پر کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کےلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدامات حوصلہ افزاءہیں، کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ اور عوام الناس کے تحفظ کےلئے بنائے گئے ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنا کر صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں کوویڈ۔19 کی تازہ ترین صورتحال، صوبائی سطح پر ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ مذہبی اجتماعات، مساجد اور مارکیٹوں کے لئے ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے لئے واضح ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔

اے پی پی / ڈئسک/حامد