پشاور، 20 مئی(اے پی پی): بلدیات کے بارے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ بی آر ٹی کے معاملے میں عوام کو سرپرائز دیں گے، جلد ہی بی آر ٹی کے افتتاح سے متعلق جلد وزیراعلی تاریخ بھی دیں گے۔
معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش سول سیکرٹریٹ، محکمہ بلدیات کے آفس میں اسلامی ترقیاتی بنک اور کنگ عبداللہ بن عبدالزیز پروگرام (کاپ) کے تحت کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس اور سامان کی حوالگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک تھے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے حوالے سے نہیں کہہ سکتا کہ سو فیصد کام مکمل ہوچکا لیکن تکمیل کی حتمی تاریخ بھی نہیں دے سکتا،اس معاملے میں، میں نے کبھی تاریخیں نہیں دیں،منصوبے سے متعلق ایک حتمی تاریخ دوں گا وہی حتمی ہوگی۔
کامران بنگش نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہم پر صرف حلقہ بندیوں کے لیے رولز بنانے سے متعلق اعتراض تھا، ہم نے رولز تیار کرکے الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔
معاون خصوصی برائے بلدیات نے کرونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح سب سے زیادہ ہے، کاپ پروگرام کیطرف سے ملنے والی پی پی ای کٹس فوری طور پر صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو فراہم کرینگے، کیونکہ کورونا کیخلاف جنگ لڑنے میں پی پی ای کٹس ہتھیار کا کام کرینگی۔
اے پی پی/صائمہ حیات/حامد