راولپنڈی،04 مئی (اے پی پی ): راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی سے کورونا کے مزید 25مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو روانہ ہوگئے۔ آر آئی یو کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد رندھاوا نے اپنے سٹاف کے ہمراہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کو ہسپتال سے رخصت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوۓ ڈاکٹر خالد رندھاوا نے کہا کہ آج ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد میں 25کورونا کے مریض ڈسچارج ہو رہے ہیں جس کے ساتھ ہی آر آئی یو میں قائم کورونا مینجمنٹ سنٹر سے اب تک 195مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں۔
ڈسچارج ہونیوالے مریضوں نے اس موقع پر آر آئی یو کے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف، سینٹری ورکرز اور سیکیورٹی عملہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ساری ٹیم نے ان کا نا صرف بہت خیال رکھا بلکہ اچھا ماحول بھی مہیا کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے گھروں میں رہیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آر آئی یو میں بہترین طبی سہولیات پر حکومت پنجاب کے شکرگزار ہیں۔
ڈاکٹر خالد رندھاوا نے مریضوں کو رُخصت کرتے ہوۓ اللہ کی حضور خصوصی دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کے عوام کو اس مہلک مرض سے دور رکھے۔
سورس : وی این ایس ، راولپنڈی