کراچی،17 مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مکمل طور پر نااہل حکومت ہے،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی نوکری پکی ہو چکی ہے انہیں پتہ ہے کہ ان کو اب سیٹ سے نہیں جانا۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کرونا لاک ڈاؤن کے دوران کراچی کی معیشت تباہ کی گئی، عمران خان کی حکومت کو ناکام بنانے کے لیے کراچی بند کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران 144 ارب عوام کو دیئے، اور انہیں سہولیات فراہم کیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وبا ہے کسی ایک کو اسکا قصور وار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ عوام کو کہیں بھی سندھ حکومت نے ماسک تک نہیں دیا،کراچی کے ووٹر کو جان بوچھ کر تنگ کیا جارہا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ بند کر دی، اب کہتے ہیں کہ عید کے بعد ٹرانسپورٹ کھولیں گے، فوری طور پر ٹرانسپورٹ کھولی جائے، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ فوری کھولی جائے۔انہوں نے کہا کہ رات 2 بجے تک بازار کھول دیے جائیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ سال سندھ حکومت کو ٹڈی دل کے 32 کروڑ ملے تھے۔ 28 کروڑ روپے گزشتہ ہفتے ٹڈی دل کی مد میں ملے ہیں، اس طرح یہ 60 کروڑ روپے ٹڈی دل کی مد میں کھا گئے۔ وفاق نےبھی کئی کروڑوں کی دوائیاں دیں لیکن سندھ حکومت نے کہیں اسپرے تک نہیں کیا،پنجاب میں شہر شہر میں اسپرے ہورہے ہیں،سندھ حکمرانوں نے عوام کی 15 ارب کی گندم بھی کھا لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاء کا سب سے بڑا آر او پلانٹ تھر میں بند پڑا ہے، سندھ کے سیکڑوں اسپتال بند پڑے ہیں، جبکہ سندھ میں کتوں کی ویکسین بھی نہیں ہے۔
اے پی پی/کراچی/قرۃالعین