سکھر: کورونا وائرس سے بچاﺅ، تاجروں کو احتیاطی اقدامات سے آگاہ کرنے کیلئے ایوانِ صنعت و تجارت میں اجلاس

180

سکھر،17مئی( اے پی پی ): کورونا وائرس بین الاقوامی وباءبن چکا ہے جس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔ یہ بات سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر ملک محمد رضوان الحق نے ایوان میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تاجروں کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی اقدامات سے آگاہ کرنے کیلئے اراکین ِ ایوان کے خصوصی اجلاس میں کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل کے تعاون سے کورونا کیلئے فوکل پرسن ڈاکٹر الطاف احمد میمن اور ڈاکٹر مکیش نے ایوان میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کی علامات سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق کورونا سے متاثرہ افراد مثبت  رپورٹ آنے کے بعد اپنی رہائش گاہ میں ہی آئیسولیشن اختیار کریں۔ اس وائرس کے پھیلاءو کو روکنے کیلئے 14 دن کیلئے متاثرہ فرد خود احتیاط کرے،اگر علامات میں شدت آجائے اور سانس لینے میں دشواری ہو تو سرکاری آئیسولیشن سینٹر میں شفٹ ہوجائیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں طبی عملہ فوری طور پر وینٹی لیٹر کا اہتمام کرسکے۔

 ڈاکٹرز نے اپنی پریزنٹیشن میں تاجروں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جن پر عمل پیراہو کر اس وباءکو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں احتیاط لازمی کریں تاکہ وائرس سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل ہو ۔ بے احتیاطی سے کورونا کی وباءپھیل سکتی ہے جسے روکنے کیلئے لاک ڈا ؤن میں مزید سختی ہو جائیگی۔

اجلاس کے اختتام پر اس وبائی مرض سے بچاؤ اور کورونا  کے متاثرین کی جلد صحتیابی کی اجتماعی دعا کی گئی۔

اے پی پی /اطہراللہ/قرۃالعین