صارفین کی سہولت کیلئے نادرا کے دفاتر4 مئی سے کھول دیئے گئے ہیں: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

150

 

اسلام آباد ، 08مئی (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعہ کواسلام آباد امام بری میں احساس ایمرجنسی کیش مرکز کا اچانک دورہ کیا ۔ڈاکٹرثانیہ نشتر نے ایک عام صارف کا بھیس بدل کر لوگوں کو ایمرجنسی کیش کی وصولی کے دوران پیش آنے والے مسائل سے آگاہی حاصل کی ۔انہوں نے مرکز پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔سنٹر میں موجودمستحق خواتین اور مرد حضرات سے گفتگو بھی  کی۔کورونا سے بچاؤکے خصوصی حفاظتی اقدامات دیکھے جن میں سنٹرز کو ڈس انفیکٹ کرنا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا شامل ہیں۔

 ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے نادرا کے دفاتر4 مئی سے کھول دیئے گئے ہیں،احساس ایمرجنسی کیش صارفین کیلیئے24گھنٹے میں انگوٹھوں کے نشانات کی بائیومیٹرک تصدیق اوراموات کے اندراج کے مسائل حل کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔اموات کے اندراج کیلئے50 روپے کی فیس بھی معاف کردی گئی ہے۔ جن افراد کو8171 سے یہ ایس ایم ایس پیغام موصول ہوا ہے کہ ان کے کوائف کی جانچ پڑتال ابھی جاری ہے ان کو رواں ہفتے میں ہی اہلیت کے حتمی پیغامات بھیج دیئے جائیں گے۔ جن افراد کے شناختی کارڈ کی مدت المیعاد ختم ہوچکی ہے وہ اہلیت کے مطابق احساس ایمرجنسی کی امدادی رقم ادائیگی مرکز پر اپنا پرانا شناختی کارڈ دکھا کر وصول کر سکتے ہیں۔ صارفین کی سہولت کیلئے یکم ستمبر کے بعد کی مدت المعیاد کی شرط ختم کر دی گئی ہے