لکی مروت ،18مئی(اے پی پی): ضلعی پولیس سربراہ عبدالروف بابر قیصرانی کی زیر صدارت ضلع بھر کے پولیس آفسرا ن کے ساتھ چاند رات اور عید الفطر کے لیے تشکیل دی گئی سکیورٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈی پی او نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے ، عید الفطر اور خصوصاً چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور دیگر آتش بازی پر سخت ایکشن لیا جائے گا ، انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ لکی مروت پولیس فورس عوام کی جان و مال کی محافظ اور قانون شکن عناصر کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ھوگی،اس سلسلے میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، علماء اکرام ،جرگہ عمائدین ،سماجی و سیاسی حلقے اور میڈیا قبیح رسم کے خاتمے کے لئے پولیس کا ساتھ دیں۔
اجلاس میں لکی مروت پولیس کی جانب سے چاند رات عیدالفطر کی آمد کے موقع پرلکی ضلع بھرمیں خصوصی اقدامات اٹھانے کافیصلہ کر لیا گیا،جرائم کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس جدید خطوط پر اقدامات اٹھائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈسٹرائیک آپریشن کاعمل مزیدتیز کرکےطے شدہ لائحہ عمل کے مطابق کاروائیاں کی جائے، چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے بازاروں اورپبلک مقامات پربینرز اور پینا فلکس وغیرہ آویزاں کئے جائیں اور مساجد میں علما کرام ہوائی فائرنگ کے نقصانات کے حوالے سے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں میں اگائی لاتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث افرادکےخلاف سخت سےسخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ عوام کو کوروناوائرس سے بچاوکےلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پرعملددرآمد کا پابند بنایا جائے۔
اے پی پی /شادی خان/حامد