مظفرگڑھ؛صو بائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن پنجاب ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، کورونا وباکی صورتحال، انسداد ڈینگی مہم، گندم خریداری اور پرائس کنٹرول کے حوالے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

166

مظفرگڑھ،05مئی (اے پی پی):صو بائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن پنجاب سید جاوید اقبال بخاری اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین کی زیر صدارت کمیٹی روم ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع مظفرگڑھ میں کورونا وباکی صورتحال، انسداد ڈینگی مہم، گندم خریداری اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اوراس متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔

 چیف ایگریکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیاض لغاری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال مکول نے کورونا وبا کی صورتحال اور انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فرخ شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد یوسف الرحمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد شہزاد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب سید جاوید اقبال بخاری نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کے روک تھام کیلئے پنجاب حکومت تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ سمیت پنجاب بھر میں اس وبا سے نمٹنے کیلئے حکومت نے بھر پور تیاری کر رکھی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام احتیاط اور سماجی رابطوں کو محدود کر کے اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی اجتماعات اور ڈبل سواری پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائےاورچنگ چی رکشوں پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے،انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے مہم کو سختی سے مانیٹر کیا جائے اور تمام تالابوں، احاطوں، کاٹھ کباڑ کی دکانوں، قبرستانوں اور گلی محلوں میں کھڑے پانی میں لاروی سائیڈ نگ کی جائے، جہاں ضرورت ہو وہاں سپرے کیا جائے، انسداد ڈینگی کمیٹیوں کو فعال کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے ممکنہ حملے سے بچاؤ کیلئے بھر پر پیشگی اقدامات کئے جائیں، ٹڈی دل سے نمٹنے کے سلسلے میں پاک فوج سے رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں گندم خریداری ہم کو تیز کیا جائے اور ٹارگٹ جلد سے جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے ضلع مظفرگڑھ میں بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں، رجب طیب اردوان ہسپتال میں تمام پازٹیوکیسز کا علاج جاری ہے، مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے 152کورونا کے مریضوں  میں سے 126صحت یاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ہسپتال میں 330مریض ڈسچارج ہوچکے ہیں،انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی کٹس فراہم کردی گئی ہیں، کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی سازو سامان وافر مقدار میں موجود ہے، انہوں نے سفارش کی کہ حکومت رجب طیب اردوان ہسپتال میں کورونا کی تشخیصی لیبارٹری قائم کرے، انہوں نے کہا کہ ضلع میں وینٹی لیٹرز کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود ہے، مشکوک کیسز کو قرنطینہ کرنے کیلئے بھی قرنطینہ سنٹر قائم کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ میں 2لاکھ 2ہزار 991میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا  ہے، اب تک 50 فیصد ٹارگٹ پورا ہوچکا ہے ،20 مئی تک ٹارگٹ حاصل کرلیا جائے گا۔

  انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، اس حوالے سے تمام اقدامات کئے جاچکے ہیں، اسی طرح ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے محکمہ زراعت کو فعال کردیا گیا ہے، ضلع مظفرگڑھ ابھی تک ٹڈی دل کے حملے سے محفوظ ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع میں پھل، سبزیاں، آٹا، گھی اور دیگر اشیا ئے ضروریہ وافر مقدار میں موجود ہیں، ضلع بھر میں 31پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گران فروشوں کے خلاف کاروائیاں کررہے ہیں، ماہ صیام میں عوام کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ میں خود  ڈی پی او کے ہمراہ وقتاً فوقتاً سبزی منڈی کا دورہ کرکے اجناس کی نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ کرر ہوں۔

اے پی پی/ مظفرگڑھ/حامد