ملتان ، 4مئی (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی جوس اور ملاوٹی مصالحے تیار کرنے والوں کیخلاف اسپیشل آپریشن،ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی کی سربراہی میں جعلی جوس پلانٹ پر چھاپہ مار ا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے بتایا کہ کوہ نور فوڈز خام مال میں مردہ مکھیاں پائی جانے پر سربمہر، 150 لیٹر غیر معیاری جوس تلف کر دیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ جوس پلانٹ کی لیبلنگ نہ ہونے اور تیار جوس کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے پر سیل کیا گیا۔ جوس پلانٹ سے مینگو پلپ اور کوہ نور مینگو فروٹ ڈرنک کے سیمپل لیبارٹری روانہ کر دیے گئے جبکہ لیہ میں بھی الحبیب فوڈز ملاوٹی سرخ مرچ تیار کرنے، ناقص صفائی پر سربمہر،مصالحہ فیکٹری دیئے گئے نوٹس پر عمل نہ کرنے اور کیے گئے ٹیسٹ میں ملاوٹ پائےجانے پر سیل کی گئی۔ مزید کارروائی کے دوران 340 لیٹر مضر صحت دودھ، 18 کلو ایکسپائر مصالحے اور 17 لیٹر ڈرنکس تلف کر دیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناقص، ملاوٹی خوراک سے معدے اور جگر کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ مصنوعی مٹھاس سے تیار مشروبات کا استعمال شوگر، گردوں اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھر کے بنے کھانے کو ترجیح دیں جبکہ ماہ رمضان میں پنجاب فوڈ اتھارٹی معیاری خوراک کیلئے کوشاں ہے۔
وی این ایس ، ملتان