ملتان: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالے تاجروں کے خلاف کارروائی،10 تاجروں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

124

ملتان، 03 مئی (اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنر  سٹی عابدہ فرید اور ایس پی سٹی کی قیادت میں لاک ڈاؤن کی خلاف  ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کی گئی ،بوہڑ گیٹ بازار کے دس تاجروں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا اور متعدد تاجروں کو وارننگ دے کرچھوڑ دیا گیا۔اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں سے  پانچ  تاجروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور ایس پی سٹی نے حسین آگاہی،حرم گیٹ اوراندرون شہر کی بڑی مارکیٹوں کادورہ  کیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی ان کے ہمراہ تھی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے تاجروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رٹ چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے بنائے گئے ایس اوپیز پر ہرصورت عمل کرایا جائے گا۔انہوں  نے کہا  کہ بازاروں میں رش  لگانا وباء کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

عابدہ فرید نے کہا کہ حکومت جو گائیڈ لائن دے گی انتظامیہ اس پر عمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تاجر برادی کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہے،حکومت کو تاجروں کے کاروبار کے حوالے سے سفارشات بھیجی گئی ہیں،اگر حکومت نے تاجروں کے ایس او پیز میں نرمی برتی تو انتظامیہ عمل کرے گی۔عابدہ فرید نے کہا کہ تاجربرادری  ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دے، انتظامیہ سے تعاون کرے اور  قانون کو للکارنے سے گریز کرے۔

اے پی پی/ملتان/قرۃالعین