ملتان ،05مئی (اے پی پی ): کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر شہر میں صفائی اور ڈس انفیکشن مہم کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ ناصر شہزاد ڈوگر نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں شامل ہونے والی نئی یونین کونسلوں کی صفائی کےلئے کامیاب حکمت عملی اپنائی گئی ہے،نئے علاقوں کی مرحلہ وار صفائی کے لئے خصوصی سکواڈ قائم کئے گئے ہیں جبکہ شہر میں ڈس انفیکشن کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔شہر کی بڑی مارکیٹوں اور مصروف مقامات پر جلد ویسٹ ڈرمز نصب کردئیے جائیں گے۔اس کے علاوہ کمپنی شہر میں صفائی کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کے لئے کوشاں ہیں،صفائی کا سسٹم ڈیجیٹل ہونے سے مانیٹرنگ مزید موثر ہو جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ میٹروپولیٹن سٹی کا درجہ ملنے پر شہرکی یونین کونسلوں کی تعداد 68 سے بڑھ کر92 ہو گئی ہے،محدود مشینری اور افرادی قوت کے باوجود کمپنی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کی طرف سے لیبر کمپلیکس قر نطینہ میں صفائی کے اعلیٰ انتظامات جاری ہیں۔
ڈی سی عامر خٹک نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر سے جانے والے ہر فرد نے صفائی اور انتظامات کو مثالی قرار دیا ہے جو کہ باعث فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے پبلک مقامات پر ڈس انفیکشن ایک ضروری عمل ہے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں انڈور اور آوٹ ڈور سپرے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔شہر میں ڈس انفکشن کے حوالے سے ریسکیو1122 کی کاوشیں بھی قابل تعریف ہیں۔انہوں نے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو افرادی قوت میں اضافہ کے پلان پر فوری عمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور منیجرز نے بھی شرکت کی ۔
اے پی پی /ملتان/قرۃالعین