مکہ المکرمہ :کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر سے آگاہی کیلئے “مل کر احتیاط برتیں گے ” پراجیکٹ کا افتتاح

154

مکہ المکرمہ،05مئی(اے پی پی): امور مسجد الحرام و مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے صدر اور امام کعبہ  شیخ  ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزيز السدیس نے گزشتہ شب “مل کر احتیاط برتیں گے”  پراجیکٹ کا افتتاح کردیا ہے ،جس کے تحت الحرمین شریفین میں مامور تمام اہلکار، سیکیورٹی فورسز  عملہ اور دیگر ملازمین کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر سے آگاہی اور اس پر عملدرآمد  کو یقینی بنایا جائیگا۔

پراجیکٹ  کا افتتاح  امام کعبہ  نے مسجد الحرام سیکیورٹی فورس کے اسسٹنٹ کمانڈر شہزادہ بدر بن سعود آل سعود کے ہمراہ   کیا۔

 ادارہ امور حرمین کا ہدف یہ ہے کہ اس پروگرام کے تحت مسجد الحرام میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو شامل کیا جائے اور جدید کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے اس پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنایا جائیگا تاکہ حرم میں کام کرنے والے ملازمین کو  ہاتھوں کی جراثیم کشی  اور ماسک کے استعمال کا درست طریقہ سے آگاہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ  پہلے ہی جسم کے درجہ حرارت کی پیمائش کرنے والے جدید تھرمل کیمرے حرم میں لگائے جاچُکے  ہیں تاکہ روزانہ ڈیوٹی پر آنے والوں  کو مسجد الحرام میں داخل ہونے سے پہلے ہی چیک کرلیا جائے ۔

امام کعبہ شیخ السدیس نے مسجد الحرام میں مغرب کی نماز سے قبل اس سلسلے میں رہنمائی خطاب بھی کیا۔

اے پی پی /حمزہ/نورین