وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمد کی ملاقات

113

 

لاہور30 مئی (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ  پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کو کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کے خاتمے کے لئے تمام تر میسر وسائل بروئے کارلا رہی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور دیگربڑے شہروں میں کورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،سماجی رویوں میں تبدیلی سے ہی کورونا کاخاتمہ ممکن ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں بروقت اقدامات کی وجہ سے شرح اموات کا تناسب آبادی کے لحاظ سے کم ہے، کورونا سے بچاؤ کے لئے ڈاکٹرز،ہیلتھ پروفیشنلز، پولیس اور دیگر ادارے سرتوڑ محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنا ہی نہیں بلکہ اسے ہمیشہ کے لئے ختم کرنا چاہتے ہیں ۔

اس موقع پروفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمد نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومت پنجاب کے بروقت اقدامات قابل تقلید ہیں، باقی محض شور مچاتے رہے بزدار حکومت نے کورونا کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کئے۔

ملاقات میں راولپنڈی شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔