وزیرِ اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار

126

اسلام آباد ، 4 مئی (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں ملکی صورتحال قدرے بہتر ہے، کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کوجاری رکھا جائے گا، کورونا کے خلاف پالیسی سازی کے دوران ان کی اولین ترجیح ملک کے غریب عوام اور کمزور طبقہ اور انکی ضروریات ہوتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیرصدارت کورونا وائرس کی صورتحال اور اس وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراءمخدوم خسرو بختیار، حماد اظہر، سید شبلی فراز، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی لیفٹینٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر ظفر مرزا، ڈاکٹر معید یوسف، چئیرمین این ڈی ایم اے اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے اور کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی اور سماجی اثرات اور روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں ملکی صورتحال قدرے بہتر ہے۔اس بہتری کی بڑی وجہ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات، موثر پالیسی سازی اور بہتر کوراڈینیشن ہے۔ وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کوجاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلانے اور ان کو رضاکارانہ طور پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی طرف راغب کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 وزیر اعظم نے زور دیا کہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی و دستیابی اور انکی ترسیل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف پالیسی سازی کے دوران ان کی اولین ترجیح ملک کے غریب عوام اور کمزور طبقہ اور انکی ضروریات ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس سے کورونا کی روک تھام اور معاشی سرگرمیوں کی روانی میں توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔

سورس: وی این ایس ،اسلام آباد