ملتان، 18مئ (اے پی پی): ملتان تحصیل صدر کے تین مواضعات میں ٹڈی دل کے حملہ کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک جھوک وینس پہنچ گئے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدطیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر صدر شہزاد محبوب ،ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت میاں منظور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کسانوں سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے ،محکمہ زراعت اور ریونیو مل کر اس کا خاتمہ کررہے ہیں ،عامر خٹک نے افسران کو ہدایت کی کہ چھوٹے کاشتکاروں کو کیمیکل کی فراہمی میں مدد کی جائے گی،اگر سرکاری مشینری کی قلت کا سامنا ہوتو کرائے پر حاصل کی جائے،سرکاری ہیومن ریسورس کی کمی ہو تو کرائے پر لیبر حاصل کی جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس ٹڈی دل کے خاتمہ کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہے،میں خود ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہا ہوں،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ٹڈی دل کے آپریشن کے کیمیکل کے انتظامات کے لئے چار رکنی کمیٹی کا بھی اعلان کیا ہے۔
کمیٹی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،اسسٹنٹ کمشنر صدر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل ہو گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے بتایا کہ ضلع ملتان میں ٹڈی دل سے چار مواضعات متاثر ہوئے ہیں ۔جھوک وینس آرلی،جھوک وینس پارلی، سانبل اور قادر پور راں کا کچھ ایریا اس میں شامل ہے،محکمہ ریونیو اور زراعت کی ٹیمیں دن رات سپرے میں مصروف ہیں،ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے بتایا کہ اس ایریا میں ٹڈی دل کے چھوٹے جھنڈ نے حملہ کیا ہے،ضلع ملتان ٹڈی دل کے بڑے غول کے حملہ سے ابھی محفوظ ہے،ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ کے پاس وافر مقدار میں کیمکل، سپرئیر مشینیں موجود ہیں۔