اسلام آباد ،2 مئی(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کویڈ 19پوری قوم کے لئے ایک آزمائش ہے جس پر صبر اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم کا بحرانوں کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ سے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ ہفتے سے اپنی بیٹی اور بیٹے کے ساتھ کوویڈ 19 کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کرکے اس بیماری پر قابو پالے گی۔ انہوں نے عوام میں اس مرض سے وابستہ بڑے پیمانے پر آگاہی پھیلانے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو تعلیم دینا ہی اس بیماری کا واحد علاج ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس عالمی صحت کے بحران کے دوران اعتماد اور مثبت رپورٹنگ کرتے ہوئے عوام کو آگاہی فراہم کرے۔ انہوں نے قوم سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے آپ کو اللہ اور اس کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طرز زندگی سے منسلک کریں تاکہ اس آزمائش سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کسی بھی موذی امراض اور وباء کے دوران تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں تعلیم دیتا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نےحکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کرنے پر ان سے اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام تر مشکلات کے خلاف قوم کی خدمت جاری رکھیں گی۔
اے پی پی/صائمہ /قرۃالعین