پشاور: کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی نظر ثانی شدہ پالیسی کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کی تعداد 2000 تک بڑھائی جائیگی: اجمل وزیر

130

پشاور، 3مئی(اے پی پی):صوبائی مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے  میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی نظر ثانی شدہ پالیسی تیار کی گئی ہے جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کی تعداد 2000 تک بڑھائی جائیگی جبکہ دوسرے مرحلے میں یہ  تعداد 5 ہزار  اور پھر 10 ہزار  تک بڑھائی جائیگی۔ فرنٹ لائن پر موجود عملہ ٹیسٹ کے لیے  پہلی ترجیح ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر  نے اتوار  کو  میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ  متاثرہ افراد کے اہلخانہ کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کر لی ہے جس میں ایک گھر میں 5 سے کم افراد ہونے پر سب کے ٹیسٹ ہوں گے جبکہ  تعداد زیادہ ہونے پر زیادہ عمرکے 5 افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اسی طرح متاثرہ شخص کے قریبی افراد کے بھی ٹیسٹ ہوں گے۔

 اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی معاملات والے افراد میں علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ  دکانداروں، ٹرانسپورٹ سروس، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے 48 گھنٹوں کے اندر ٹیسٹ ہوں گے۔

اجمل وزیر نے اب تک کیے گئے کورونا ٹیسٹوں کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا کہ اپریل تک کل 19543  ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدا میں صرف 20 ٹیسٹ یومیہ کیے جاتے تھے جبکہ اب  ٹیسٹنگ کی تعداد 1 ہزار سے بھی زیادہ کر دی گئی ہے۔ اجمل وزیر نے کورونا کی تازہ صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے  میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 108 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2907 ہوگئی ہے جبکہ 24گھنٹوں میں 11اموات بھی ریکارڈ ہوئیں جس سے اموات کی کل تعداد  172 ہوگئی ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بارے  میں انہوں نے بتایا کہ  ایک دن میں 38  کورونا مریض صحت یاب ہوئے جس سے مجموعی تعداد 728 ہوگئی ہے۔

 دریں اثناء مشیر اطلاعات نے آزادی صحافت کے  عالمی دن کے موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر میں ان صحافیوں کی خدمات کا ذکر ضرور کروں گا جنہوں نے کورونا کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرتے کرتے خود کورونا کا شکار ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت ملک اور قوم کی ترقی میں اہم کردار کرتی ہے اور پاکستان بھی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتا ہے

 اجمل وزیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں کہا کہ  قیمتوں میں تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ کمی کی گئی ہے۔ کمی کے بعد خیبر پختونخوا  ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہٹانے کے بعد کرایوں میں کمی پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ  کرایوں میں کمی کا مقصد عوام کو فی الفور ریلیف دینا ہے۔

لاک ڈاون سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں  انہوں نے کہا کہ حکومت احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو کیش فراہم  کر رہی ہے ، وزیراعلی محمود خان کی سربراہی میں پوری صوبائی مشینری کورونا کو شکست دینے کے لئے میدان میں ہے۔اجمل وزیر نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے  علماء کرام صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں۔ بیرونی ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں انہیں مختلف مقامات پر قرنطینہ کیا جا رہا ہے، جن کے ٹیسٹ منفی آرہے ہیں انہیں گھر بھیجا جا رہا ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ  یہ اللہ تعالی کا بڑا فضل ہے کہ ہمیں عمران خان جیسا وزیراعظم ملا ہے جو  ہمیشہ غریب طبقے  کی بات کرتا ہے اور اس طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃآلعین