ملتان،02 مئی(اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیوریج کے پانی سے آگاہی گئی سبزیوں کے خلاف کریک کارروائی کی جس دوران نیو ملتان ریلوے اسٹیشن میں اگائی گئی 160 کنال سبزیوں کی چیکنگ کی گئی اور8 کنال پر سیورج کے پانی سےکاشت کی گئی سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا، کاشت کی گئی سبزیوں میں قلفہ، پالک اور میتھی کی فصل شامل تھی۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے فارم مالکان کو ہدایت کی کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کیلئے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے، زہریلے پانی سے اگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
عرفان میمن نے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں جبکہ جن علاقوں میں نہری یا ٹیوب ویل کا پانی دستیاب نہیں وہاں صرف غیر خوردنی فصلیں اگائی جا سکتی ہیں،غیر خوردنی فصلوں میں بانس، پٹ سن، ان ڈور پلانٹس، نمائشی پھول سمیت متعدد فصلیں شامل ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال زیادہ تر علاقوں میں سبزیاں نہری یا ٹیوب ویل کے پانی سے اگائی جا رہی ہیں،کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمہ وقت کوشاں ہے۔
اے پی پی /ملتان/حامد