لاہور،30مئی(اے پی پی):پنجاب میں 31مئی کے بعد کورونا وائرس سے متعلق نئی حکمت عملی کے لئے سفارشات کی تیاری کیلئے اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں عوام کو مہلک وباء سے محفوظ رکھنے کیساتھ معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے لگژری کے بجائے اکانومی بیسڈ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے مختلف صنعتوں،کاروباروں کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیوں سے متعلق تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں سفارشا ت کواتفاق رائے سے حتمی شکل دی گئی۔کورونا وائرس کے مریضوں کو لاہور کے ہسپتالوں میں بیڈز اوروینٹی لیٹرز کی دستیابی کی معلومات فراہم کرنے کیلئے میو ہسپتال میں کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس ضمن میں این ڈی ایم ے سے فوری طور پر 200وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان نے بتایا کہ 1500وینٹی لیٹرز کی فراہمی سے متعلق درخواست پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہے۔اجلاس میں کوویڈ 19کے سلسلے میں عوامی آگاہی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔
اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت،ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وی این ایس ،لاہور











