پولیس کی طرف سےجمعۃ الوداع  کے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

227

بورےوالا ۲۱ مئی (اے پی پی): پولیس کی طرف سےجمعۃ الوداع  کے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل،حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان کی ہدایات پر جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ضلع وہاڑی کی 526 عبادت گاہوں کیلئے 1541پولیس افسران و اہلکاران، والنٹیرز، پولیس رضا کاران اور لیڈی پولیس سیکیورٹی ڈیوٹی کی خدمات سر انجام دیں گے۔ یوم القدس کے حوالے سے منتظمین سے مشاورت کے بعد حکومتی ہدایات کے پیش نظر ریلیاں نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعتہ الوداع اور یوم القدس کے حوالے سے حکومتی قواعدو ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔   چیکنگ بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر ہوگی جبکہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیس اہلکاران کو انتہائی مستعد اور چوکنا رہ کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینے اور اہم مقامات پر سنیپ چیکنگ کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او وہاڑی نے مزید کہا کہ ویجیلنس پرمامور افسران، جوانوں کو سیکیورٹی کے بارے میں بریفنگ بھی دیں گے. جمعۃ الوداع/ یوم القدس کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے جا رہے ہیں اور جب تک مساجد سے آخری نمازی چلا نہ جائے تب تک سیکیورٹی پر مامور اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

اصغر علی جاوید،فاروق