چترال؛غیر مقامی تاجر برادری کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان انتظامیہ کے حوالے

125

چترال،09مئی(اے پی پی): غیر مقامی تاجر برادری کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان  چترال انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔

 بٹ خیلہ سے تعلق رکھنے والے  نوجوان تاجر ذیشان نے ایک ہزار ماسک، دو کاٹن سینٹائزر، متعدد پلاسٹک کے فیس ماسک، دستانے،  حفاظتی ٹوپیاں اور دیگر حفاظتی سامان  تحصیل میونسپل آفیسر مصباح الدین کے حوالے کیا ۔

 اسسٹنٹ کمشنر چترال عبد الولی خان کے دفتر میں ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں اے سی چترال عبد الولی خان مہمان خصوصی تھے انہوں نے یہ سارا سامان ٹی ایم او  مصباح الدین کے حوالہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو میں اے سی چترال عبد الولی خان نے ذیشان اور دیگر مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جو مصیبت کے اس گھڑی میں ضلعی انتظامیہ اور حکومتی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور عوام کو کرونا کی وباء سے بچاؤ کی خاطر حفاظتی سامان عطیہ کے طور پر دے رہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں جو تمام لوگوں کو یہ حفاظتی سامان مفت فراہم کرے تاہم اس سلسلے میں مخیر حضرات کی یہ کاوش قابل تحسین ہے۔

کرونا وائرس  سے  بچاؤ کا  یہ حفاظتی سامان تحصیل میونسپل آفیسر نے میونسپل انتظامیہ جو قرنطینہ مراکز میں جراثیم کش سپرے کررہے ہیں ان میں تقسیم کیا، اس کے علاوہ تاجر یونین دروش کے صدر حاجی گل نواز خان  اور ڈرائیور یونین دروش کے صدر کو بھی  ماسک اور سینٹائزر  عطیہ کے طور پر دیے جو دروش کے دکانداروں، ڈرائیوروں اور عام لوگوں میں مفت تقسیم کیےجائیں گے۔

ٹی ایم او نے بعد ازاں یہ حفاظتی سامان سبزی منڈی چترال کے اڑھتیوں اور اتالیق بازار میں سبزی، فروٹ فروشوں، ریڑہ بانوں میں مفت تقسیم کیا۔

اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر نے تاجر برادری کا  بے حد شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم اے نہایت محدود وسائل کے ساتھ کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے اور قرنطینہ مراکز، ہسپتال اور عوامی مقامات میں جراثیم کش سپرے کررہی ہے۔

اے پی پی /گل حماد فاروقی/قرۃالعین