چنیوٹ،02مئی( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مزید متحرک ہو گئے، سات روز میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے6 لاکھ76ہزار روپے کے جرمانے اور27 ایف آئی آر درج کروا کر دوکانداروں کو حوالات میں بند کروایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کی زیر صدارت کارکردگی کے جائزہ کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز فضل عباس ، سید منور بخاری کے علاوہ ضلع کے 26 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں ، بازاروں اور میگا سٹوروں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے گزشتہ سات روز میں اوورچارجنگ پر دوکانداروں کو 6 لاکھ 76ہزارروپے سے زائد کے جرمانے کیے ، ضلع کے 26پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر1351انسپکشنز کر کے مقررہ سرکاری قیمتوں سے زائدکی وصولی پر 429 کو موقع پر ہی مختلف مالیت کے جرمانوں کی سزا دی جبکہ27افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر انہیں حوالات میں بند کروایا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے شاباش دیتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید متحرک رہنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس رمضان المبارک میں اپنی انسپکشنز بڑھائیں، صارفین کو معیاری اشیاء کی فراہمی ہماری ڈیوٹی کا حصہ ہے لہٰذا تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مزید متحرک ہو جائیں اور اوورچارجنگ پر کسی بھی دوکاندار کو معافی نہ دیں ، انہوں نے کہا کہ قیمت ایپ پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے سرگرم عمل رہیں اور انہیں تیز رفتار اقدامات سے حل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خریداروں کو ماہ صیام میں ہر ممکن ریلف فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے تاجر برادری پر بھی زور دیا کہ وہ جائز منافع رکھ کر معیاری اشیاء کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں اور دنیا و آخرت میں سرخرو ہوں ۔
اے پی پی / چنیوٹ/حامد