چنیوٹ؛ڈپٹی کمشنر کی ڈینگی کے انسداد کیلئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دینے کی ہدایت

158

چنیوٹ،02مئی( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کے انسداد کیلئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دے کر بھرپور ذمہ دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور شہریو ں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احساس اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سرویلنس سرگرمیوں کو موثر اور نتیجہ خیز بناکر ڈینگی کی ممکنہ افزائش کا تدراک کریں۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں انسداد ڈینگی کے سلسلے میں حفاظتی و انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف مہم پورے جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے، اس سلسلے میں روزانہ کا سرویلنس شیڈول بنا کر عمل درآمد کروائیں جبکہ محکمانہ کوشش کسی لمحہ بھی ماند نہیں پڑنی چاہئیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ گزشتہ سیزن میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے موثر ترین اقدمات کیے جائیں تاکہ موجودہ سیزن میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنرزعائشہ یٰسین، فضل عباس ، سید منور بخاری ، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر انجم اقبال، ڈپٹی ڈی اوز ہیلتھ ، ایجوکیشن ، سول ڈیفنس ، ایگریکلچر، ریسکیو1122،ہائر ایجوکیشن و دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اے پی پی/چنیوٹ/حامد