ڈاکٹرز تنظیمیں متحد ہو کر کورونا کے خلاف جنگ  میں کردار ادا کر رہی ہیں، آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے کو ترجیح دیں گے: صوبائی وزیر صحت

111

پشاور، 9مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے خلاف تمام ڈاکٹرز تنظیمیں متحد ہو کر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ طبی عملے کی عظیم خدمات اور ایمرجنسی کے پیش نظر آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی اور صحت کا بجٹ پہلے ریلیز کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز تنظیموں اور بڑے ہسپتالوں کے افسران و نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا وائرس کے خطرات کم ہوئے مگر وائرس ابھی ختم نہیں ہوا۔ اس لئے ہمیں اپنے طرز زندگی کو بدل کر کورونا وائرس کے ساتھ جینا ہوگا۔ سب کو حکومت کے مقررہ کردہ ایس  او پیز  پر من و عن عمل کرنا ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ ڈینگی اور پولیو سے نمٹنے کے لیے ہیلتھ سسٹم کو اپگریڈ کر رہے ہیں۔

 تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں کو پی پی ایز مہیاء کر دیے گئے ہیں اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کی کمی بھی دور کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر ڈیوٹی دینے والے اہلکار ہمارے ہیروز ہیں۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔صوبے میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے تیمور جھگڑا نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سوچ سمجھ کر کر رہے ہیں تاکہ کاروبار بھی متاثر نہ ہو اور ایس او پیز پر عمل کر کے کورونا سے بھی بچا جا سکے۔

 تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پورے ہیلتھ سسٹم کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ دو مہینوں میں 4 ارب روپے کے آلات اور حفاظتی سامان خرید چکے اور ساتھ ہی ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بھی پوری کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں وفاق نے صوبے کا مکمل  ساتھ دیا اور ہر قسم کی مدد کی ہے۔

 وزیر صحت نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں ہیلتھ سسٹم میں اچھا کام ہوا ہے۔ ڈاکٹروں کی ریکارڈ بھرتیاں کی گئی ہیں اور انہیں ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس بھی دیا گیا۔ اسی طرح MTI ہسپتالوں میں طبی عملے کو مارکیٹ کے مطابق تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میڈیکل یونیورسٹی میں روزانہ ایک ہزار کورونا  ٹیسٹ ہو رہے ہیں جو کہ ملک کی کسی بھی پبلک سیکٹر لیبارٹری میں سب سے زیادہ ہیں۔