کراچی،10 مئی (اے پی پی ): کورونا وائرس کے دوران اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز،نرسزاورپیرامیڈیکل اسٹاف کوخراج تحسین کرنے کے لئے کراچی اسپورٹس فورم کے زیراہتمام تقریب پذیرائی کاانعقاد کیا گیا۔
اس موقع پرتقریب کے شرکا نے ڈاکٹرز و پیرا میڈکس سے اظہار یکجہتی کیلئے سفید پر چم لہرائے جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فرحان عیسی کاکہنا تھا کہ فرنٹ لائن کاکردار اداکرنے والے ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے کورونا کیخلاف جنگ میں جوکرداراداکیاہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔
ڈاکٹر فرحان عیسی نے کراچی اسپورٹس فورم کی فلاحی سرگرمیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے اس کارخیر میں ڈاکٹرعیسی لیبارٹریزآپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمارا پلیٹ فارم اس عالمی وبا کے متاثرہ کھلاڑیوں اور گرانڈ اسٹاف کی مدد کیلئے کی گئی ہرکاوش میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ عوام بھی اپنے گھروں تک محدود رہنے اور سماجی رابطوں سے گریزکرنے کے حکومتی فیصلے پرمکمل سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سختی سے عمل کریں۔ اس مشکل مرحلے اور آزمائش کی گھڑی میں ہم سب کو قومی ذمے داری کامظاہرہ کرتے ہوئے اورمتحد ہو کر کورونا وائرس کامقابلہ کرنا ہے ۔
فورم کے چیئرمین آصف عظیم نے کہا کہ ایسے وقت میں جب کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اس سنگین صورتحال میں جس طرح ڈاکٹرز، نرسز اورپیرا میڈیکل اسٹاف پورے ملک میں اپنی ذمہ اریاں انجام دے رہے ہیں وہ قابل تحسین وستائش ہیں ۔یہ ہمارے قومی ہیروزہیں ،پوری قوم کی طرح کھلاڑی اوراسپورٹس آرگنائزر بھی ان ہیروزکو سلام پیش کرتے ہیں۔
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے چیف آرگنائزرسیدوسیم ہاشمی کاکہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہمارے مسیحاں کا کردار پوری دنیا کے لئے مثالی ہے ،قومی جذبے سے سرشارہوکر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ڈاکٹرزومیڈیکل اسٹاف کوہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تقریب میں عیسی لیبارٹریز کے سی ای او ڈاکٹر فرحان عیسی،فورم کے چیئرمین آصف عظیم اور چیف آر گنائزر سیدوسیم ہاشمی سمیت سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، وائس پریذیڈنٹ تہمینہ آصف، محمدذیشان مرچنٹ، مراد حسین، محمدناصر، خلدوم راجہ ودیگر نے شرکت کی۔
اے پی پی ۔کراچی/قرۃالعین











