کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئےحکومت قومی اتفاق رائے کی پالیسی اختیار کرے؛ نائب امیر جماعت اسلامی

127

 سکھر،18مئی(اے پی پی): جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں کوروانا سمیت سیاسی اقتصادی اور معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے ضروری ہے، حکومت قومی اتفاق رائے کی پالیسی اختیار کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تحفہ عید پروگرام کے عنوان سے راشن کی تقسیم کے چوتھے مرحلے کے آغاز پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

 امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر، الخدمت فاؤنڈیشن سکھر کے سرپرست اور امیر جماعت اسلامی سکھر سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عمران خان قومی قیادت کو متحد کریں، قومی ایکشن پلان پر سب کو اکھٹا کریں ، اقتصادی حکمت عملی اختیا رکی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے، بھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیاگیا ہے ،مودی کا خیال تھاکہ وہ اس طرح کے اقدام کر کے بھارت کے عوام کو فتح کر لے گا لیکن ناکام ہے، پورے ملک میں نفرت بڑھ رہی ہے ، ایسے فاشسٹ سے کوئی خیر کی توقع نہیں، پاکستان کیخلاف کوئی سخت اقدام کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلان کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے زرہ زرہ کی حفاظت کیلئے ہر شے قربان کریں گے، پاکستان کو جو خطرات درپیش ہیں اس کے مقابلہ کیلئے قومی وحدت یکجہتی اور اتفاق رائے کی پالیسی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے ،کرونا نے پوری دنیا کے نظام کو درہم برہم کردیا ہے ،مالیاتی بحران بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کو اسلام کی حکمرانی کی ضرورت ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے رویئے سے پوری دنیا کو تقسیم کردیا ہے جس کے بعد اب دنیا کو نئے اقتصادی نظام اور استحکام کی ضرورت ہے۔

 اے پی پی /محمد اطہر اللہ/حامد