سکھر،25مئی (اے پی پی ): عید الفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات اور شہر کو ڈس انفیکٹ کرنے کیلئے بلدیہ اعلیٰ سکھر کے عملے نے عید کے ایام میں بھی کام جاری رکھا۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے عید کے تینوں روز اپنی زیر نگرانی شہر کی تمام شاہراہوں پر ہیوی اور جدید مشینری کے ذریعے صفائی کروائی اور کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے شہر کو ڈس انفیکٹ کرانے کیساتھ ساتھ تمام شاہراہوں کی دھلائی سمیت تفریحی مقامات اور پارکس میں بھی جراثیم کش اسپرے کروایا۔
میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں بچوں کی تعداد زیادہ دیکھنے میں آرہی ہے اس لئے ہم شہر کے ان مقامات کو ڈس انفیکٹ کرنے کیلئے زیادہ ترجیح دے رہے ہیں جہاں بچوں کا ہجوم دیکھنے میں آتا ہے، یہی بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اسی لئے ہم عید کے ایام میں بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
میئر نے مزید کہا کہ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے میں نے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی ہیں تاکہ ہم دن رات کام کر کے شہر کو ڈس انفیکیٹ کرسکیں ، شہریوں بالخصوص بچوں کو کورونا جیسی مہلک وباءسے محفوظ رکھنا ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل میں ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان اور متعلقہ محکموں کے افسران عابد علی انصاری، فوکل پرسن فیومی گیشن رضوان بہاری سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اے پی پی /اطہراللہ/قرۃالعین