پشاور، 25مئی(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ اگر عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کیا تو حکومت سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے آج اطلاعات سیل میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اجمل وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے تاہم کرفیو لگانے کی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسی وجہ سے ناران، کاغان، کالام اور گلیات سمیت دیگر تفریحی مقامات پر پابندی لگائی تاکہ کرونا سے بچائو کیلئے سماجی دوری کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ اس وقت میڈیا بریفنگ بلانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ عوام کو پیغام دیا جائے کہ یہ تفریح اور پکنک منانے کا ٹائم نہیں بلکہ حالات کی سنگینی کو سمجھ کر سماجی دوری اختیار کرنے کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کا واحد حل سماجی دوری ہے جس کیلئے عید کے بعد لاک ڈاؤن کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کیونکہ واحد صرف کرونا ہی نہیں بلکہ حکومت کو بیک وقت کورونا اور غربت کے خلاف جنگ لڑنا پڑ رہی ہے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔
اے پی پی/صائمہ حیات/قرۃالعین