پشاور، 14مئی(اے پی پی): خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نےجمعرات کو کارروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات کی ترسیل کرنے والے گاڑی کے تعاقب میں جعلی مشروبات گودام تک رسائی حاصل کی اور چار ہزار لیٹر مضر صحت جعلی مشروبات کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
کے پی فوڈ اتھارٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے کریک ڈاون کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی واصف شاہ معمول کے مطابق سنیپ چیکنگ میں مصروف تھے کہ اچانک معروف پیپسی برانڈ کی جعلی مشروبات کی ترسیل کرنے والی گاڑی سے سامنا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے پبی میں واقع گودام تک جاپہنچی جہاں چار ہزار لیٹر سے زائد کی جعلی مشروبات کی کھیپ پکڑ کر سپلائی مینجر سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ یہ جعلی مشروبات پشاور اور ملحقہ علاقوں کو سپلائی ہونے والے تھے ۔
اے پی پی/صائمہ حیات/حامد











