گھوٹکی، 8 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف گوداموں پر چھاپے مارکر غیرقانونی طور پر ذخیرہ کی گئی مجموعی طور پر 4 لاکھ 30 ہزار گندم کی بوریاں برآمد کرلیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی ہوئے ہے تاکہ آٹے کا بحران جنم نہ لے، ایسی صورتحال میں غیرقانونی طور پر گندم کی ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کر سکتے اس لئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کی گئی گندم کی بوریاں حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کو فراہم کی جارہی ہیں جبکہ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
اے پی پی/نظیر احمد/حامد