بورے والا،03جون(اے پی پی): تھانہ ماڈل پولیس نے دکان کے اندر موجود گاہکوں کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دو لاکھ روپے نقدی اور تین موبائل فون چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہونے والے مسلح ڈاکوں کیخلاف بروقت کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کے چند گھنٹوں بعد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاون بورے والا کی حدود وڑائچ ٹاون برلب نہر واقع المدینہ سپر سٹور پر تین نامعلوم مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور دکان کے مالک محمد رمضان کے علاوہ دکان کے اندر موجود گاہکوں کو یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر دو لاکھ روپے نقدی اور تین موبائل فون چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے ، جسکی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کے حکم پر ایس ایچ او ماڈل ٹاون مہر محمد عباس نے شہر بھر کی ناکہ بندی کروا کے ملزمان کی تلاش شروع کردی اور چند ہی گھنٹوں بعد پولیس نے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ انکا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا. پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کو متاثرہ دکاندار کی شناخت کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر کے انکی تفتیش شروع کردی ہے، تھانہ ماڈل ٹاون پولیس کے اس فوری ایکشن اور ملزمان کی گرفتاری پر شہری حلقوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔