ملتان ،21 جون (اے پی پی ): وزیر اعظم پاکستان کے ویژن اور پنجاب حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملتان ترقیاتی ادارہ نے تعمیراتی شعبے سے وابستہ عوام الناس کی سہولت کے لئے تکمیل سرٹیفکیٹ کے حصول،پرائیوٹ ہاؤسنگ سکیموں کی نقشہ جات کی منظوری اور لینڈ کنورشن کے لئے ون ونڈو سیل میں ایک علیحدہ ڈیسک قائم کردیا گیا ہے، ڈیسک کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نےکیا ۔
علیحدہ ڈیسک کے قیام سے کو ئی بھی شہری اپنی پراپرٹی کا تکمیلی سرٹیفکیٹ 30دن کے اندر محکمہ ہذا سے وصول کر سکے گا، کسی بھی گھریلو جائیداد کی کمرشلائزیشن(لینڈ کنورشن) کے لئے 45دن اور ہاؤسنگ سکیم کے نقشہ کی منظوری کے لے 60دن مقرر کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آغا محمد علی عباس نے ہدایت کی کہ کوشش کریں ٹائم فریم کے مطابق ہر شہری کو تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وبائی مرض کے بارے میں حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے چوہدری محمد انور،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محسن رضا،ڈائریکٹر اربن پلاننگ خواجہ وقاص اور دیگر سٹاف ان کے ہمراہ تھے۔
وی این ایس، ملتان











