وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات

114

لاہور،24جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے  بدھ  کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے نئے مالی سال کے لئے ریلیف بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو مبارکباد  دی۔ اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلی کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر  وزیراعلی عثمان بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے ، جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا ،اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ  کورونا وبا  کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شدید متاثرہ علاقے سیل کئے ہیں۔ کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے کے لئے  عوام کا بھرپور  تعاون ضروری  ہے ۔ شہری کورونا سے محفوظ رہنے کے لئے  حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔ انہوں نے بتایا  کہ پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔

 سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر کو عادت بنا لیں، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر  بازار اور  مارکیٹس بند کر دیں گے ۔ سرکاری دفاتر سمیت عوامی  مقامات پر ماسک پہنے کی پابندی پر   سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، شہریوں کوکورونا کی  احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔

وی این ایس ،لاہور