اسلام آباد ۔ 23 جون (اے پی پی): وفاقی کابینہ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمیشن رپورٹ کی سفارشات کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل اور فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ایکٹ2020ءکے مجوزہ مسودے کی منظوری دیدی ہے، وزیرِاعظم نے گندم کو عوام کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ آبادی کی ضروریات کے مطابق گندم کی پیداوار اور سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کمیشن رپورٹ کی سفارشات کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کی منظوری دی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحقیقات کے لئے کمیشن کا قیام عوامی مفاد میں کیا گیا۔ انہوں نے انکوائری کمیشن کی سفارشارت کے ضمن میں متعلقہ اداروں کو سونپی جانے والی ذمہ داریوں کے حوالے سے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت میں اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق معاونین خصوصی کی جانب سے اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کرنے کے عمل میں پیش رفت کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں تمام معاون خصوصی کی جانب سے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی جا رہی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک ایک مشیر جبکہ تین معاونین خصوصی کی جانب سے اثاثہ جات جمع کرانا باقی ہیں جو کہ جمع کرادیے جائیں گے۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے مشیر خزانہ نے کابینہ کو گندم کی صورتحال، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی خریداری، ذخائر کی صورتحال اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کئے جانے والے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے حکومت پنجاب اپنے ذخائر سے فوری طور پر نو لاکھ ٹن گندم مارکیٹ میں ریلیز کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت بھی گندم کی سپلائی بڑھانے کے حوالے سے اقدامات وضع کرے گی۔ مشیر خزانہ نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں اور پاسکو کے مابین کوآرڈینیشن بڑھائی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ درآمد کندگان سے براہ راست رابطہ کریں تاکہ وہ اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔مشیر خزانہ نے بتایا کہ گندم کی درآمدکی کوئی مقررہ حد نہیں ہوگی اور درآمد کندگان اپنی ضروریات کے مطابق ڈیوٹی فری گندم درآمد کر سکیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سپلائی اور ڈیمانڈ کے حوالے سے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نظام میں موجود خامیوں پر قابو پانے کی کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔ مشیر خزانہ نے بتایا کہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ گندم سے آٹا بنانے کی شرح میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بھی ملک بھر میں اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم عوام کی بنیادی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں مستقبل کے تخمینوں اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے روڈ میپ مرتب کیا جائے۔ کابینہ نے ملک میں یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ اور مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کے طور پر یکساں نصاب مرتب کرنے اور مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے کے حوالے سے وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ تعلیم (آن لائن تعلیم کی سہولت) کے فروغ کے لئے ملک بھر میں خصوصاً پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے۔ بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے کابینہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ صوبہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں بلوچستان کو ترقیاتی منصوبوںکی مد میں ریکارڈ فنڈز فراہم کیے گئے جس کا اعتراف صوبائی حکومت کی جانب سے کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے مالی مشکلات کے باوجود بھی بلوچستان کو محصولات کے سابقہ اہداف کے مطابق شئیر دیا گیا ہے حالانکہ کورونا کی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی اور محصولات اصل اہداف سے کم ہوئیں۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 17جون کے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں اورکابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 04جون 2020میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے یورو فائیو کی درآمد کے فیصلے کو سراہتے ہوئے نوٹ کیا کہ یورو فائیو جیسے جدید درجے کی پٹرولیم مصنوعات کے استعمال سے ماحول کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ ایل این جی ٹرمینل ٹو کے حوالے سے فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔کابینہ نے متبادل اور قابل تجدید ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے حوالے سے پالیسی متعارف کرانے پر وزیرِ توانائی کی کاوشوں کو سراہا۔سرکاری املاک کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے اور عوامی مفاد میں ان ذرائع سے مالی وسائل پیدا کرنے کی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے وفاقی کابینہ نے قصرِ ناز کراچی اور چنبہ ہاﺅس لاہور کو تیس سال کے لئے لیز پر دینے کی تجویز کی منظوری دی۔ لیز پر دینے کا عمل نہایت شفاف طریقہ کار کے ذریعے لگائی جانے والے بولی کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ نیشنل اسپیس پروگرام کے اغراض و مقاصد کو آگے بڑھانے اور سیٹلائٹ سروسز کے شعبے میں ملکی سیٹلائٹ کی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کےلئے مجوزہ پالیسی ہدایات اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا تاکہ اس حوالے سے تفصیلی غور کیا جا سکے۔ کابینہ نے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے تمام ملازمین کے حوالے سے پاکستانی ایسینشل سروسز ایکٹ 1952ءکے اطلاق میں مزید چھ ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دی۔ چئیرمین متروکہ ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ نے ننکانہ صاحب میں واقع متروکہ املاک کے ریٹس کے تعین کے حوالے سے پیش رفت کی رپورٹ کابینہ کو پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں متروکہ املاک کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ ان جائیدادوں کو مثبت طریقے سے بروئے کار لانے کے پلان کو حتمی شکل دے کر ان پر عملدرآمد کیا جا سکے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 19جون 2020اور 20جون 2020ءکے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 جون 2020ءکو ہونے والے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے پالیسی بورڈ کے چھ ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ایکٹ 2020ءکے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ اس قانون کی بدولت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کو خودمختاری میسر آئے گی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کے معیار اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ اس کے قانون کے تحت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ معیار اور کارکردگی میں کارپوریٹ سیکٹر کا مقابلہ کر سکیں۔اس قانون کے تحت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس کے لئے ایک لائن کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرز کو بااختیار بنایا جائے گا اور ہسپتال کے انتظام کے لئے مینجمنٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ٹڈی دل کی روک تھام کے حوالے سے روایتی طریقہ کار اور این ڈی ایم اے و دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے علاوہ مقامی آبادی کو شامل کرنے اور اس حوالے سے ان کو مراعات دینے کی تجویز کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد کرائسز کو مواقع میں تبدیل کر نا ہے تاکہ جہاں ایک طرف ٹڈی دل کے چیلنج پر قابو پایا جا سکے وہاں مقامی آبادی کو متحرک کرکے اس کاوش میں شامل کیا جا سکے اور ان کو اس حوالے سے مراعات دی جائیں۔اس حوالے سے پائلٹ پروگرام تھر اور چولستان میں آزمایا جائے گا۔ اس حوالے سے پندرہ روپے فی کلوگرام ادائیگی کی جائے گی۔ کابینہ کو کورونا کی موجودہ صورتحال اوروائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات ، ملک بھر کے ہسپتالوں میں بیڈز میں اضافے، آکسیجن کی سپلائی اور سمارٹ لاک ڈاﺅن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت پاکستان نے زمینی حقائق اور معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مئی کے وسط میں لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈیٹا کا موازنہ کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ نہ صرف اس عرصے میں بھارت کہ جہاں یکم جون تک مکمل لاک ڈاﺅن تھا شرح اموات پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔ کابینہ کو ہسپتالوں میں بیڈز کے اضافے کے حوالے سے بتایا گیا کہ آئندہ ماہ کے وسط میں ملک کے مختلف صوبوں میں واقع ہسپتالوں میں 2150 اضافی بیڈز شامل کر دیئے جائیں گے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پانچ ہزار ہیلتھ پروفیشنل کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ ان میں سے گیارہ سو کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے۔ آغا خان کی معاونت سے ملک بھر کے ہسپتالوں کے آئی سی یو سنٹر میں میڈیکل ایڈوائس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ہیلتھ ورکرز کے حفاظتی لباس کے بہترین استعمال کے حوالے سے ایک لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز کی تربیت کی گئی ہے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز کے حوالے سے شہداءپیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز کی بیماری کی صورت میں انکی اور انکے خاندانوں کی نگہداشت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ ہیلتھ کیئر ورکرز کو انشورنس فراہم کی جائے گی۔ ہیلتھ کیئر ورکرز کے لئے نیشنل ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ شہید ہونے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کی خدمات کو سراہنے کے لئے طریقہ کار وضع کیا جا رہے۔ ٹیسٹنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ابتدائی دنوں میں یہ صلاحیت چار سو کے لگ بھگ تھی اب پچاس ہزار کی صلاحیت ہے جبکہ تیس ہزار تک روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کو مختلف اداروں سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔ کابینہ کو انڈسٹری، شاپس، ٹرانسپورٹ، و دیگر مقامات پر ایس اوپیز پر عمل درآمدکی شرح کا جائزہ پیش کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا کے حوالے سے تین ضروری دوائیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بات کا اہتمام کیا جا رہا ہے کہ استطاعت نہ رکھنے والے مریضوں کی حکومت کی جانب سے معاونت کی جائے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ کورونا کے حوالے سے ڈیٹا کولیکشن کو مزید منظم کیا گیا ہے۔ ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور کوارنٹین کے نظام کی افادیت اور اس کے تحت متاثرہ افراد کی تعداد کے تعین کرنے کے بارے میں بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سمارٹ لاک ڈاﺅن پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے کمیونٹی کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنما اپنے حلقوں میں ٹائیگر فورس کی خدمات کو بروئے کار لائیں تاکہ شہر شہر میں موجود یہ رضا کار سمارٹ لاک ڈاﺅن پر عمل درآمد کرنے کے حوالے سے انتظامیہ کی معاونت کر سکیں۔ کابینہ نے کورونا کی صورتحال سے متاثرہ خاندانوں کو نہایت شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے مالی معاونت فراہم کرنے کے جامع نظا م وضع کرنے اور اس کے تحت ملک بھر کے متاثرہ اور مستحقین خاندانوں تک پہنچنے پر معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے مشیر برائے ماحولیات کو ہدایت کی کہ مون سون شجرکاری کی تیاری کےلئے اقدامات کئے جائیں۔
وی این ایس، اسلام آباد