بورے والا،30جولائی (اے پی پی ): میونسپل کارپوریشن کی جانب سےعید الاضحی کے آمد پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور قربانی کی آلائیشیں ٹھکانے لگانے کے حوالہ سے پلان ترتیب دے دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب کی قیادت میں آج سول سوسائٹی نیٹ ورک کے ارکان اور بلدیہ کے عملہ نے گھر گھر جاکر قربانی کی آلائیشیں ٹھکانے لگانے کے لئے شاپنگ بیگز تقسیم کئے۔
اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا جو پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس میں بلدیہ کا عملہ ہمہ وقت ڈیوٹی دے گا، جس میں سول سوسائٹی کے ارکان اور ٹائیگر فورس کے جوان بھی ان کی معاونت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں گھروں کے باہر پھینکنے کے بجائے شاپنگ بیگز میں ڈال کر قریبی ڈمپنگ پوائنٹ پر جاکر پھینکیں تاکہ انہیں اکٹھا کرنے میں آسانی ہو۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شاپنگ بیگز سول سوسائٹی کے ارکان اور بلدیہ کے عملہ کے بھی حوالے کئے۔انہوں نے عوام سے بلدیہ کے عملہ سے بھر پور تعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔
اس موقع پر سول سوسائٹی کے پیٹرن انچیف شیخ شہزاد مبین اور انکے دیگر ارکان کے علاوہ ٹائیگر فورس کے جوان بھی انکے ہمراہ تھے۔
اے پی پی /بورے والا/نورین